کالی کٹ 8؍ ستمبر(پریس ریلیز)کالی کٹ شہر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر نے برادران وطن کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان جذبہ ایثار ،اخلاص وللہیت کیساتھ سنت ابراہیمی کو ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ قُربانی کا مقصد اپنے اندر ایثار وجذبہ ،تقویٰ وپرہیزگاری کا کمال پیدا کرنا ہے ۔شیخ ابوبکرنے کہاکہ مسلمان شر پسند عناصر سے ہوشیار رہیں ۔کسی افواہ پر دھیان نہ دیں ۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں ذبیحہ کے فضلات کو غیروں کی نظر سے دور رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ اسلامی احکام پر عمل کرتے ہوئے ایسا کوئی عمل سرزد نہ ہونے پائے جس کے باعث اسلام بدنام ہو۔ شیخ ابوبکر نے ہر طرح کی امن وآشتی برقرار رکھنے کی تلقین کی ۔